نئی دہلی،11؍اپریل (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )پیشہ ورانہ مقصد کے لیے کرایہ کی کوکھ (سروگیسی)پر پابندی لگانے سے متعلق بل کی جانچ کر رہی صحت اور خاندانی فلاح و بہبود پر پارلیمانی اسٹینڈنگ کمیٹی نے لوگوں سے تجاویز مدعو کی ہے ۔وہیں اس کمیٹی کی مدت کار بھی راجیہ سبھا چیئرمین نے 11؍جولائی تک توسیع کر دی ہے۔سروگیسی (ریگولیشن)بل 2016کو گزشتہ سال نومبر میں لوک سبھا میں پیش کیا گیا تھا۔جنوری میں راجیہ سبھا چیئرمین نے ٹیسٹ اور بل پر رپورٹ دینے کے لیے اسے مستقل کمیٹی کو سونپ دیا تھا۔کمیٹی کو اس پر اپنی رپورٹ 11؍اپریل کو داخل کرنی تھی۔سروگیسی ایسا نظام ہے جس میں کوئی خاتون کسی دوسرے جوڑے کے لیے بچے کو جنم دیتی ہے اور پیدائش کے بعد بچے کو اس جوڑے کو سونپنے کی رضامندی دیتی ہے ۔بل کے مطابق، سروگیسی کا سہارا صرف قانونی طور پر شادی شدہ وہ جوڑے ہی لے سکیں گے ،جن کی شادی کو پانچ سال ہو چکے ہیں اور ان کے پاس میڈیکل سرٹیفکیٹ ہو کہ وہ بچے کو جنم دینے کے قابل نہیں ہیں، اس کے علاوہ بہن یا بیوی کی بہن جیسی ایسی قریبی اور شادی شدہ رشتہ دار ہی سروگیٹ ماں بن سکیں گی، جن کی کم از کم ایک صحت مند اولاد ہو،ایک عورت زندگی میں صرف ایک بار ہی سروگیٹ بن سکے گی۔